بھارت کی مشہور بھوجپوری اداکارہ امرتا پانڈے عرف انا پورنا نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ امرتا پانڈے کی لاش آدم پورہ کے علاقے میں دیویا دھام اپارٹمنٹ میں اپنے گھر میں چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی، انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں اداکارہ کو مردہ قرار دے دیا گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ امرتا پانڈے کی موت خودکشی سے ہوئی ہے اور موت سے چند گھنٹے پہلے اداکارہ نے اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر ایک نوٹ شیئر کیا تھا جس سے معاملہ تشویش اختیار کر گیا ہے۔
اداکارہ کے اسٹیٹس پر نوٹ میں لکھا تھا کہ ’ اس کی زندگی دو کشتیوں پر ہے، ہم نے اپنی کشتی ڈبو کر اس کا راستہ آسان کیا ‘۔
اداکارہ کے اہلخانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے ڈپریشن کا شکار تھیں۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریتا اصل میں اپنے شوہر کے ساتھ ممبئی میں رہتی تھیں لیکن وہ حال ہی میں بھاگلپور میں ایک شادی کے لیے اپنے رشتہ داروں کے پاس گئی تھیں اور کچھ دنوں کے لیے وہاں رہنے کا فیصلہ کیا، ہفتہ کو، وہ دیر تک جاگتی رہیں اور اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر ایک خفیہ نوٹ پوسٹ کیا جس کے چند گھنٹے بعد وہ اپنے کمرے میں مردہ پائی گئیں۔
دوسری جانب جوگسر پولیس نے اس ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔