وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا کارکردگی سے مقابلہ نہیں ہورہا تو بدتمیزی شروع ہوگئی، علی امین گنڈاپور کے پاس کارکردگی دکھانے کو کچھ نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کوئی ایک عوامی منصوبہ دکھائے۔ کہا خیبرپختونخوا کوایسا وزیراعلیٰ ملا ہے جس کا حلیہ بھی غنڈوں جیسا ہے۔ علی امین گنڈا پور کی فیملی کی خواتین کیلئے ہمدردی رکھتی ہوں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز اس وقت بہت بڑا ایشو بنی ہوئی ہیں کہ وہ کیا پہنیں گی، ہمارے مخالفین کی زبان درازی کے کلچر میں تبدیلی نہیں آرہی ہے تاہم مریم نواز کو ان رویوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کہتے ہیں ہم وفاق پر چڑھائی کردیں گے، ہم جگہ جگہ جاکر پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، یہ لوگ کبھی آئی ایم ایف کوخط لکھتےہیں توکبھی انکے دفتر کے باہر جاکر بیٹھ جاتے ہیں۔ پاکستان کی کچھ بہتری ہونے لگتی ہے تو یہ لوگ کہتے ہیں ہم چڑھائی کردیں گے۔