پاک امریکا تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے حکام نے بات چیت شروع کردی ہے ، امریکی مشن نے اس حوالے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے دورہ امریکا میں ہونے والی پیشرفت کو اہم بھی قرار دیا ہے۔
امریکی مشن کے قائمقام ترجمان تھامس منٹگمری کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت پاک امریکا حکام کا اجلاس ہوا جس میں مختلف شعبوں کے حوالے سے وسیع تر بات چیت کی گئی ، مذاکرات میں ریگولیٹری سرگرمیوں، ڈیجیٹل ٹریڈ، انٹلیکچوئل پراپرٹی کے تحفظ ، خواتین کی معاشی خود مختاری ، لیبر، ٹیکسٹائل،سرمایہ کاری ، زراعت اور یو ایس بائیو ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی گئی ۔
ترجمان تھامس منٹگمری کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے حالیہ دورہ امریکا میں ٹیفا اجلاسوں کے دوران دوطرفہ معاشی تعلقات اور باہمی عوامی خوشحالی کے حوالے سے پیشرفت ہوئی ہے ۔ ترجمان کے مطابق طویل عرصے سے امریکا پاکستان کیلئے سب بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے ۔ سات ارب ڈالر کے تجارتی حجم میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا گذشتہ بیس سال سے امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے صف اول کے ممالک میں شامل ہے اور 80سے زیادہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں کام کررہی ہیں ، لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار کے ساتھ ساتھ یہ کمپنیاں مقامی مارکیٹ میں معیاری مصنوعات بھی فراہم کررہی ہیں ۔