ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان اور ایران کا موقف ایک ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا۔
دورہ پاکستان پر موجود ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے منگل کو مصروف دن گزارا اور لاہور اور کراچی کا دورہ کیا۔
لاہور
ابراہیم رئیسی نے لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ فارسی زبان اور انکی شاعری پر گفتگو بھی کی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور گورنر بلیغ الرحمان سے ملاقاتیں بھی کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاک ایران تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جبکہ جی سی یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کا عزم کیا۔
طلباء سے خطاب
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی ) کے مطابق ایرانی صدر نے جی سی لاہور کی فیکلٹی اور طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لئے علم اور ہنر،سائنس اور ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹیاں علم و تحقیق کے مراکز ہیں اور تعلیم کے شعبے میں مربوط حکمت عملی سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا۔
کراچی
ابراہیم رئیسی لاہور سے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچے جہاں ایئر پورٹ پر گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے ان کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو بھی موجود تھیں۔
ایئرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنچ میں ایرانی صدر نے وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سے ملاقاتیں بھی کیں جس کے دوران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی بھی کی۔
بعدازاں، معزز مہمان نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
جامعہ کراچی کی جانب سے ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی دی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات
ابراہیم رئیسی سے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی ملاقات کی جس کے دوران پاک ایران تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ اور وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر بھی شریک تھے۔
ایرانی خاتون اول
دوسری جانب ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی نے ہوم اکنامکس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں ان کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے ایرانی خاتون اول کا استقبال کیا جبکہ تقریب میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب ، وائس چانسلر لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی ڈاکٹر شگفتہ ناز، ایس ایس پی انوش مسعود سمیت اپنے شعبوں میں خواتین لیڈرز نے شرکت کی ۔
صدر اسلامی جمہوریہ ایران کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کی کتاب دی آرٹ آف لیونگ کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔
خاتون اول ایران نے کہا کہ دہشتگردی کے مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانا ہو گا ، پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔
ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی نے کہا کہ ہمارے ہاں خواتین کی خودمختاری کا مطلب اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنا ہے، پاکستان اور ایران صرف ہمسایہ ممالک ہی نہیں بلکہ اچھے دوست بھی ہیں۔