چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے دورہ پاکستان پر موجود سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے جس کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے باہمی پالیسیز پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران معزز مہمان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیدار اور اسٹریٹجک نوعیت پر زور دیا گیا اور دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی وزیر خارجہ کے وفد کے ہمراہ دورے کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کیلئے عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
جنرل عاصم منیرنے سعودی وفد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔