پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے حکومتی کوششیں رنگ لانے لگیں، 7 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے فیصلے کو حقیقت بنانے کے لئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں سعودی وفد آج پاکستان پہنچے گا۔
سعودی وفد میں کئی وزرا ، سعودی سرمایہ کاری فنڈ کے حکام شامل ہوں گے جبکہ دورے کے دوران سرمایہ کاری کے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔
سعودی وفد صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی زیرقیادت وفد میں وزیرپانی و زراعت، وزیرصنعت و معدنی وسائل ، نائب وزیرسرمایہ کاری اور خصوصی کمیٹی کےسربراہ شامل ہوں گے۔
وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینئر حکام بھی وفد کا حصہ ہیں ۔
دورے کا مقصد بہتر دوطرفہ تعاون اور اقتصادی شراکت داری بڑھانا ہے، وفد پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی وفد کی آمد وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا تسلسل ہے ۔
سعودی وفد خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا ۔