پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی قانونی ٹیم کے ممبران کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے، پارٹی کی قانونی ٹیم کے رکن ایڈووکیٹ شیر افضل خان مروت نے ساتھی رکن شعیب شاہین ایڈووکیٹ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں ’’ غدار ‘‘ قرار دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایڈووکیٹ شیر افضل خان مروت نے شعیب شاہین ایڈووکیٹ کے خلاف ایک تفصیلی پوسٹ کی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’ شعیب شاہین ایڈووکیٹ پی ٹی آئی قانونی ٹیم میں واحد غدار ہیں ‘‘۔
شیر افضل خان نے شعیب شاہین پر پی ٹی آئی کی قانونی حکمت عملی حکومتی وکلاء کو بتانے کا الزام بھی عائد کیا۔
اپنی بیان میں شیر افضل کا کہنا تھا کہ میں نے پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے غداروں کے بارے میں ٹویٹ کیا تھا جسے میں نے کور کمیٹی کے سینئرز کے مشورے کے بعد ڈیلیٹ کر دیا۔
یاد رہے کہ رواں سال اگست میں بھی شیر افضل خان مروت کی جانب سے ایکس پر ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’’ پارٹی کے اندر کچھ لوگ غدار ہیں جنہیں میں بے نقاب کر کے دم لوں گا‘‘۔
I have quoted Core Committee, and do you expect I would wrongly mention the incident of Core Committee proceedings recorded by the traitors on a public forum. It was Omer Ayub Khan who ran the recorded version during the meeting. I have the honour to have defended all the PTI…
— Sher Afzal Khan Marwat (@sherafzalmarwat) August 18, 2023
تاہم، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ان کے بیان کو ’ ان کا ذاتی خیال ‘ قرار دیا گیا تھا۔
اپنے حالیہ بیان میں شیر افضل نے کہا کہ میں واضح الفاظ میں اعلان کر رہا ہوں کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں واحد غدار شعیب شاہین ایڈووکیٹ ہیں، وہ اپریل 2023 کے آخری ہفتے میں پراسرار طور پر ابھرے اور میں انہیں بنی گالہ میں قانونی کمیٹی کے اجلاس میں دیکھ کر حیران رہ گیا۔
اس سے پہلے وہ کبھی بھی انصاف لائرز فورم ( آئی ایل ایف ) یا پی ٹی آئی کا حصہ نہیں رہے تھے اور بنی گالہ تک ان کی رسائی اس بات کی عکاسی کرتی تھی کہ انہیں ہماری صفوں میں کچھ لوگوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شعیب شاہین سروس ٹربیونل سے متعلق مقدمات نمٹاتے ہیں اور انہیں فوجداری قانون کی اے بی سی نہیں آتی۔
انہوں نے لکھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج ایک بھی فوجداری مقدمے میں وکیل نہ ہونے کے باوجود، شعیب شاہین نے خود کو خان کا وکیل ظاہر کرنا شروع کر دیا جو کہ ایک فراڈ تھا، ہماری پارٹی کی طاقتور خفیہ قوتوں نے ان کی حمایت کی، جب پی ٹی آئی کی تمام قیادت الیکٹرانک میڈیا پر بلیک لسٹ ہو چکی تھی تو وہ واحد شخص تھا جسے نہ روکا گیا اور نہ ہی بلیک لسٹ کیا گیا۔
انہوں نے لکھا کہ ملازمت اور خدمات کے معاملے کے وکیل ہونے کی وجہ سے شعیب شاہین چیئرمین کی قانونی ٹیم میں غیر متعلق تھے لیکن پی ٹی آئی میں دو افراد کی پشت پر ہونے کی وجہ سے وہ قانونی ٹیم کی تقریباً ہر میٹنگ میں پہنچ جاتے تھے، جلد ہی میں نے محسوس کیا کہ ہماری قانونی حکمت عملی ریاست کے وکلاء کے علم میں پہلے سے موجود تھی، بعض اوقات اس نے ہماری معلومات لیک کر دی اور ایک موقع پر اس نے میری جان بھی خطرے میں ڈال دی۔
ان کا کہنا تھا کہ شعیب شاہین نے مجھے اپنی شناخت ظاہر کرنے پر مجبور کیا لیکن پی ٹی آئی کے دو ذمہ دار عہدیداروں کی مداخلت پر میں نے وقتی طور پر یہ خیال ترک کر دیا، سال 2023 سے پہلے، وہ ہمیشہ ایجنسیوں میں اپنے تعلقات پر فخر کرتا تھا، اور یہ اسلام آباد کے بار میں عام معلومات کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ شعیب شاہین کو معلوم تھا کہ میں ان کے پیچھے ہوں اور انہوں نے کچھ اور غداروں کے ساتھ مل کر میرے خلاف سازشیں شروع کر دیں، میں چیلنج کرتا ہوں کہ اس نے ایک بھی فوجداری مقدمے میں چیئرمین کی نمائندگی نہیں کی اور پھر بھی وہ بے شرمی سے چیئرمین کے وکیل ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ اس شخص نے ہماری قانونی جنگ میں ہمیں بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، میں جانتا ہوں کہ یہ ٹوئٹ اس کے سہولت کاروں اور ساتھیوں کو تحریک انصاف میں میری پوزیشن کو کمزور کرنے کی ترغیب دے گا اور اپنے خفیہ دوستوں کے ذریعے مجھے نشانہ بنا سکتا ہے، لیکن میں یہ مقدس فریضہ سمجھتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے تمام کارکنوں کو اس گھٹیا چہرے سے آگاہ کروں۔
شعیب شاہین ایڈووکیٹ - پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں واحد غدار:
— Sher Afzal Khan Marwat (@sherafzalmarwat) September 27, 2023
میں نے پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے غداروں کے بارے میں ٹویٹ کیا تھا جسے میں نے کور کمیٹی کے سینئرز کے مشورے کے بعد ڈیلیٹ کر دیا۔ میں واضح الفاظ میں اعلان کر رہا ہوں کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں واحد غدار شعیب شاہین…
اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کل چیئرمین سے ملاقات کروں گا اور انہیں اپنے اس ٹویٹ کے بارے میں آگاہ کروں گا، میرے الفاظ پر نشان لگائیں یہ ٹویٹ بہت سے مجرموں اور ایجنٹوں کو تنگ کرے گا لیکن مشکلات اور دھمکیوں سے کھیلنا میرا مشغلہ ہے۔
واضح رہے کہ شیر افضل خان کی جانب سے لگائے جانے والے الزمات پر شعیب شاہین ایڈووکیٹ کا رد عمل تا حال سامنے نہیں آیا۔
تاہم، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شیر افضل خان کے بیان سے لا تعلقی کا اظہار کیا گیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شیرافضل مروت ایڈوکیٹ کا حالیہ بیان کلیتاً ان کی ذاتی رائے اور تاثرات پر مبنی ہے جس کا پاکستان تحریک انصاف سے کسی طور کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ شعیب شاہین ایڈووکیٹ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی منظور شدہ قانونی ٹیم کے کلیدی رکن، کور کمیٹی کا حصہ اور قانونی و سیاسی امور پر تحریک انصاف کے مؤقف کی ترجمانی کے مجاز ہیں۔
شیرافضل مروت ایڈوکیٹ کا حالیہ بیان کلیتاً ان کی ذاتی رائے اور تاثرات پر مبنی ہے جس کا پاکستان تحریک انصاف سے کسی طور کوئی تعلق نہیں۔
— PTI (@PTIofficial) September 27, 2023
شعیب شاہین ایڈووکیٹ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی منظور شدہ قانونی ٹیم کے کلیدی رکن، کور کمیٹی کا حصہ اور قانونی و سیاسی امور پر تحریک…
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف ابتلاء و آزمائش کے اس دور میں شعیب شاہین ایڈوکیٹ سمیت قانونی ٹیم کے تمام اراکین کی تحریک کیلئے خدمات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی اور ان کے عزم و استقلال کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔