وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکیج کے پہلے مرحلہ کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان باضابطہ ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پیر کو الصفاء پیلس مکہ المکرمہ میں دونوں رہنماؤں نے ایک باضابطہ ملاقات کی جس کے دوران سعودی ولی عہد نے شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کیا اور وزیر اعظم نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی امداد کی رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔