بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کیا کیا سہولیات میسر ہیں، لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 7 سیلز پر مشتمل سیکورٹی وارڈ میں رکھا گیا ہے، اس سیکورٹی وارڈ میں کم از کم 35 افراد رہ سکتے ہیں، 7 میں سے 2 سیل بانی پی ٹی آئی کے زیر استعمال ہیں۔ بقیہ ماندہ 5 سیل سیکورٹی کی وجوہات کی بنا پر بند رکھے گئے ہیں۔ ان سیلز کے صحن کو بانی پی ٹی آئی چہل قدمی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے سیل تک رسائی بہت محدود ہے، کوئی بھی شخص بغیر اجازت وہاں تک نہیں پہنچ سکتا، بانی پی ٹی آئی کے وارڈ کی حفاظت کے لیے پیشہ ور تربیت یافتہ افراد معمور ہیں، اڈیالہ جیل میں 10 قیدیوں پر ایک اہلکار تعینات ہے تاہم بانی پی ٹی آئی کے لیے 15 اہلکار تعینات ہیں، جن میں سے دو سیکورٹی افسران ہیں۔ 3 اہلکار صرف بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کے لیے لگائے گیے سی سی ٹی وی کیمروں پر معمور ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سیکورٹی پر ماہانہ 12 لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے، بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی کے لیے لگائے گئے کیمروں پر 5 لاکھ روپے کا خرچ آیا، بانی پی ٹی آئی کے کھانے کے لیے اسپیشل قواعد و ضوابط تشکیل دیے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو صحت افزا کھانا مہیا کیا جاتا ہے جو کہ ایک اسپیشل کچن میں بنتا ہے، بانی پی ٹی آئی کا کھانا اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ جیل کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو کھانا فراہم کرنے سے قبل ایک میڈیکل افسر یا ڈپٹی سپرٹینڈنٹ جیل اس کا معائنہ کرتا ہے۔
جیل کے میڈیکل افسر کے علاؤہ راولپنڈی کے ایک اسپتال کے 6 میڈیکل افسران بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل ٹریٹمنٹ کے لیے تعینات ہیں، راولپنڈی کے ایک دوسرے اسپتال کے اسپیشلسٹ کی ٹیم جیل کا ہفتہ وار دورہ کرتی ہے، اسپیشلسٹ کی ٹیم ضرورت پڑنے پر بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرتی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو چہل قدمی کے لیے جیل میں ایک خاص جگہ فراہم کی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ورزش کے لیے مشین اور دیگر اشیا فراہم کی گئی ہیں، ملاقات کے لیے آنے جانے کے لیے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے اہم قوائد و ضوابط بنائے گئے ہیں۔