پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کی ماورائے عدالت اور بیرون ملک قتل و غارت اب عالمی صورت اختیار کر چکی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت کے حوالے سے عالمی میڈیا رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ایسی کارروائیوں سے نمنٹے کیلئے مشترکہ بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے، ہم نے 25 جنوری 2024 کو بھارت کی پاکستان میں ایسی ہی گھناؤنی کارروائیوں کے ثبوت پیش کئے تھے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان ،امریکا اور کینیڈا میں بھارت نے ایک ہی نوعیت کی ریاستی دہشت گردی کی، بھارت کی جانب سے بین الاقومی سطح پر ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرزمین پر پاکستانی شہریوں کا قتل آزادی ،خود مختاری اور یو این چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسی کارروائیوں کے ذمہ داران ، معاونین ، سہولت کاروں اور اسپانسرز کو انصاف کے کہڑے میں لایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر بھارت کا احتساب بھی بین الاقوامی سطح پر ہی ہونا چاہیے۔