دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان داسو حملے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات میں مصروف ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو دی گئ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کی تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے، چینی انٹر ایجنسی کی سیکیورٹی کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، دورے کا مقصد پاکستان میں چینی باشندوں و کمپنیوں کی حفاظت بہتر بنانا تھا، پاکستان داسو حملے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات میں مصروف ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔
فلسطین
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، غزہ پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے اور عالمی عدالت کا حکم نہ ماننے پر اسرائیل کا محاسبہ کیا جائے۔
فلسطینیوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے، غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی عالمی برادری کےلیےلمحہ فکریہ ہے، اقوام متحدہ غزہ میں مظالم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لائے، آئی سی جے کے غزہ سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔
کشمیر
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو بھارتی مظالم کا سامنا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق چاہتے ہیں۔
افغانستان
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیرملکیوں پر کوئی مخصوص پالیسی نہیں، افغان مہاجرین کی جلد باعزت واپسی کے خواہشمند ہیں، ون ڈاکومینٹ رجیم پر پاکستان کی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، سیکرٹری تجارت نے گزشتہ ہفتے افغانستان کا دورہ کیا تھا، پاکستان افغان معاشرے کے تمام گروپوں سے رابطے میں ہے۔
ایران
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملوں کی بھی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کی خطے میں مہم جوئی انتہائی خطرناک ہے۔