قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہاہے کہ کپتان کو جس طرح تبدیل کیا جاتاہے اس کا اثر کھلاڑیوں اور ٹیم پر بھی ہوتاہے ۔
بچوں کے دل کے پہلے ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی میزبانی کے فرائض ’ پاکستان چلڈرنز ہارٹ فیڈریشن ‘کے روح و رواں مصباح الحق اور سی ای او فرحان احمد نے کی ،تقریب میں وقار یونس، عبدالرزاق، اظہر علی ، وہاب ریاض اور محمد حفیظ ، عمر اکمل، مشتاق احمد اور کامران اکمل شریک ہوئے ۔
تقریب سے خطاب کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کا بھی ذکر چھڑ گیا جس پر مصباح الحق نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹایا گیا وہ غلط فیصلہ تھا، شاہین شاہ آفریدی کو اب کپتانی سے ہٹایا گیا وہ بھی غلط فیصلہ ہے، جس طریقے سے کپتانی تبدیل ہوتی ہے وہ کھلاڑیوں کے لئے بڑی ناگوار چیز ہوتی ہے، کپتانی جس طرح تبدیل ہوتی ہے اسکا اثر کھلاڑیوں اور ٹیم پر بھی ہوتا ہے، کوچز کے لئے جو بھی فیصلہ ہے وہ سوچ سمجھ کرکرنا چاہیے، اپنی ٹیم کو دیکھیں کہ انکے لئے کونسا کوچ بہترین ہے، غیر ملکی یا ملکی کوچ وقتی طور پر نہیں ہونا چاہیے، آپکو لگے آپکی ٹیم کو آگے لے کر چل سکتا ہے تو غیر ملکی یا ملکی کوچ رکھ لیں، اگر دونوں ملکر بھی کام کرینگے تو ٹیم کی بہتری ہوگی۔