نیپال نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ریکارڈز کے انبار لگادیئے، ایشین گیمز میں منگولیا کیخلاف 314 رنز بنان کے ساتھ 274 رنز کے بڑے مارجن سے فتح تیز ترین سنچری اور نصف سنچری کے ریکارڈز اپنے نام کرلئے۔
چین کے شہر ہانگ زو میں جاری ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں بدھ کو کھیلے گئے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے دوران نیپال نے منگولیا کو 274 رنز سے شکست دیکر کئی نئے ریکارڈ قائم کر ڈالے۔
نیپال کے 314 رنز کے جواب میں منگولیا کی پوری ٹیم صرف 41 رنز پر ڈھیر ہوگئی، منگولیا کے صرف 2 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔
نیپال کی منگولیا کے خلاف 274 رنز کی فتح رنز کے لحاظ سے ٹی 20 مقابلوں میں سب سے بڑی کامیابی ہے، اس سے قبل سب سے بڑے مارجن سے فتح 142 رنز کی تھی۔
یہ پہلا موقع ہے جب ٹی 20 کرکٹ مقابلوں میں 300 کا ہندسہ عبور کیا گیا ہو، اس سے قبل ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور 278 رنز کا افغانستان کا تھا۔
اسی میچ میں نیپال کے بلے باز کشال مالا نے صرف 34 گیندوں پر سنچری بنا کر ٹی 20 کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا، ان سے قبل یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر اور بھارت کے روہت شرما کے پاس ہے، جنہوں نے 35 گیندوں پر سنچریاں اسکور کی تھیں۔
مالا نے 50 گیندوں پر 137 رنز کی اننگز کھیلی، ان کا اسٹرائیک ریٹ 274 رہا، جس کیلئے انہوں نے 12 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔
ٹی 20 کرکٹ میں نیپال کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی بنایا گیا، دیپیندرا سنگھ نے صرف 9 گیندوں پر نصف سنچری جڑ دی، اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے یوراج سنگھ اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 12 گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
دیپیندرا کی اننگز میں 8 چھکے شامل تھے، انہوں نے ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، انہوں نے کل 52 رنز بنائے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 520 تھا، یہ ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ کا پہلا موقع ہے جب کسی کھلاڑی نے 500 یا اس سے زائد اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیا ہو اور کم از کم 10 گیندیں بھی کھیلی ہوں۔
نیپالی ٹیم نے اننگز کے دوران کل 26 چھکے لگائے جو ایک اور ریکارڈ ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ افغانستان کے پاس تھا جنہوں نے آئرلینڈ کیخلاف اننگز میں مجموعی طور پر 22 چھکے لگائے تھے، ویسٹ انڈیز بھی ایک اننگزمیں جنوبی افریقا کے خلاف 22 چھکے داغ چکا ہے۔