ترکیہ کے شہر استنبول کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 29 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
استنبول میں ایک بلند و بالا عمارت کے تہہ خانے میں قائم ماسکریڈ میں تزئین و آرائش کا کام جاری تھا جس کے دوران آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔
استنبول کے گورنر داؤد گل نے کہا کہ آگ دوپہر کے فوراً بعد لگی تاہم، وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے اور متاثرین تزین و آرائش کے کام میں مصروف تھے۔
حکام نے واقعہ کی تحقیقات کے دوران 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن میں تین اہلکار، نائٹ کلب کا مینجر اور تزئین و آرائش کا مینیجر شامل ہیں۔
گورنر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ متاثرین کی تعداد میں دوپہر میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
استنبول کے نو منتخب میئر اکرم امام اوغلو نے سوشل میڈیا پر تعزیت کا اظہار کیا۔
امام اوغلو کا کہنا تھا کہ خدا ہمارے شہریوں پر رحم کرے جنہوں نے اپنی جانیں گنوائیں اور میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کرتا ہوں۔