پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخاب کے مکمل نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق مسلم لیگ نواز نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخاب کے لئے پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوئی جبکہ ٹوٹل 356 ووٹ کاسٹ کیے گئے ، مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے 248 اور سنی اتحاد کونسل کے 107 ارکانِ اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیے۔
صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز چوہان نے سینیٹ انتخاب میں ریٹرننگ آفیسر کے فرائض سرانجام دیے ۔
پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن نے سینٹ کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی جن میں خواتین کی دو، ٹیکنوکریٹ کی دو اور ایک اقلیتی نشست شامل ہے۔
محمد اورنگزیب 128 اور مصدق ملک 121 ووٹ حاصل کر کے ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر کامیاب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کی ڈاکٹر یاسمین 106 ووٹ حاصل کر سکیں اور ایک ووٹ مسترد قرار پایا ۔
لازمی پڑھیں۔ سینیٹ الیکشن، اسلام آباد کی نشستوں پر اسحاق ڈار اور رانا محمود الحسن کامیاب
خواتین کی نشست پر انوشہ رحمان نے 125 ، بشریٰ انجم بٹ نے 123 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ سنی اتحاد کی صنم جاوید نے 102 ووٹ حاصل کیئے، 6 ووٹ مسترد قرار پائے۔
اقلیتی نشست پر خلیل طاہر سندھو کامیاب قرار پائے، انہوں نے 253 ووٹ حاصل کئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق صرف 99 ووٹ حاصل کر سکے اور چار ووٹ مسترد ہوئے ۔
لازمی پڑھیں۔ سینیٹ انتخابات میں کون کون کامیاب ہوا؟ جانیے
پنجاب میں جنرل نشستوں پر 7 سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جن میں محسن نقوی ، پرویز رشید، احد چیمہ ، ناصربٹ ، طلال چودھری ، حامد خان ، علامہ راجہ ناصرعباس شامل ہیں۔