ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے علی امین گنڈاپور کے لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے
جوڈیشل مجسٹریٹ محمد نوید خان نے علی امین گنڈاپور کی جانب سے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں وارنٹ منسوخی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے اسی کیس میں ڈسچارج کرنے کے فیصلے کی روشنی میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے کیس کی سماعت بیس مئی تک ملتوی کردی۔
آج علی امین گنڈاپور نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ وارنٹ منسوخی کی درخواست راجہ ظہورِ الحسن ایڈوکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ درخواست گزارنے کبھی جان بوجھ کر اس عدالت میں پیش ہونے سے گریز نہیں کیاتاہم انتخابی مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے تھے عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔اور استدعا کی کہ علی امین گنڈا پور کے انیس مارچ کو جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔