پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شانگلہ حملے کی منصوبہ بندی پاک، چین دوستی کے دشمنوں نے کی ہے۔
منگل کے روز شانگلہ میں بشام کے مقام پر ایک گاڑی پر حملے کے نتیجے میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے۔
حکام کے مطابق مسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جارہی تھی کہ راستے میں حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی جس کے باعث مسافر گاڑی کھائی میں جاگری۔
دہشت گرد حملے پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی شید مذمت کرتے ہیں، حملے میں 5 چینی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور اُنکے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسی گھناؤنی کارروائیاں دہشت گردی خلاف پاکستانی قوم کا عزم کمزور نہیں کرسکتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی۔