قومی ٹیم کے بیٹر احمد شہزاد پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے نویں ایڈیشن کے لیے کسی بھی فرنچائز کی جانب سے منتخب نہ کیے جانے کے باوجود قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے پرامید ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احمد شہزاد نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی مسلسل کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں ایک موقع کی توقع ظاہر کی۔
32 سالہ کھلاڑی نے انکشاف کیا کہ چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ان کی کارکردگی کو مدنظر رکھا جائے گا۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ چند سالوں سے مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے رہا ہوں، ملک کے لیے میری کارکرگی سب کے سامنے ہے اس کے باوجود مجھے قومی ذمہ داری یا پی ایس ایل کے لیے نہیں بلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود میں نے سخت محنت کی اور میری موجودہ سیزن کی کارکردگی خود ہی بولتی ہے۔
پاکستانی اوپنر نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بیٹنگ آرڈر کو بہتر بنایا ہے اور اس کو ترجیح دوں گا، جہاں تک مڈل آرڈر میں بیٹنگ کا تعلق ہے تو میں پاکستان کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوں لیکن اس کے لیے بیٹھ کر پلان کے بارے میں بات کرنا ضروری ہے۔