خیبرپختونخوا حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے آن لائن تجدید کی سہولت متعارف کرادی۔ خیبرپختونخوا سمندرپارپاکستانیوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
سمندرپارپاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدیدکی سہولت فراہم کردی گئی جس کے بعد خیبرپختونخوا کا لائسنس رکھنے والے اوور سیزپاکستانی آن لائن تجدید کرا سکیں گے۔
لائسنس کی تجدید کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانی متعلقہ سفارتخانے کے ذریعے ای میل درخواست دے سکتے ہیں، درخواست گزاروں کی دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء ہوگا، تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ مقامی شخص کے حوالے کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہےکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں اور ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔