سعودی عرب کے وزیر دفاع عزت مآب شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے یوم پاکستان میں شرکت کی اور اور آرمی چیف سے ملاقات کی ۔ سعودی عرب کے وزیر دفاع کا نور خان ائیر بیس پہنچنے پر پرتباک استقبال کیا گیا ۔
شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے مسلح افواج کی مشترکہ یومِ پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر خصوصی طور پرشرکت کی ،تقریب میں آمد پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا استقبال کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے شاندار جوائنٹ سروسز پریڈ کا مشاہدہ بھی کیا،تقریب کے بعد شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔
اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب - پاکستان کے تاریخی اور مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے خیر خواہ رہے ہیں۔
پاکستان کا دورہ کرنے پر آرمی چیف نے سعودی عرب کے وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا، معززمہمان نے بھی یوم پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر مدعو کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا، پاکستان کے ایک روزہ کامیاب دورے کے بعد سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز وطن واپس روانہ ہو گئے ۔روانگی سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان کو نور خان ائیر بیس سے خدا حافظ کہا۔