گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر حملے میں شہید سپاہی بہار خان اور سپاہی عمران علی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
ترجمان کے مطابق گوادرمیں ادا کی گئی نماز جنازہ میں پاک فوج ۔ پاک بحریہ۔ بلوچستان پولیس اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شہدا کے جسد خاکی تدفین کے لئے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے بلوچستان لبریشن آرمی ( بی ایل اے ) کے دہشتگردوں کی گوادر پورٹ اتھارٹی ( جی پی اے ) کمپلیکس میں گھسنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تمام 8 دہشتگردوں کو واصل جہنم کردیا، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو جوان شہید بھی ہوگئے۔
بدھ کے روز بی ایل اے کے 8 دہشتگردوں نے جی پی اے کمپلیکس گوادر میں گھسنے کی کوشش کی اور کمپلیکس کے قریب دھماکا بھی کیا جس کے بعد مسلسل فائرنگ شروع کر دی ، تاہم، سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا اور جوابی کارروائی کے دوران تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔