آئرلینڈ کے وزیر اعظم لیو وراڈکر نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز آئرلینڈ کے وزیر اعظم لیو وراڈکر نے اپنے پارٹی عہدے اور وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ گورننگ فائن گیل پارٹی کے سربراہ کے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔
حیران کن اعلان میں وراڈکر نے کہا کہ جیسے ہی نئے سربراہ کا انتخاب کیا جائے گا وہ بطور وزیر اعظم بھی عہدہ چھوڑ دیں گے۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ میں فائن گیل کی صدارت اور قیادت سے استعفیٰ دے رہا ہوں اور جیسے ہی میرا جانشین اس عہدہ کو سنبھالنے کے قابل ہوگا میں وزیراعظم کا عہدہ بھی چھوڑ دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 6 اپریل کو پارٹی کے نئے رہنما کا انتخاب کرنے کی تجویز دی تھی تاکہ پارلیمنٹ کے ایسٹر کے وقفے کے بعد نئے وزیر اعظم کا انتخاب کیا جا سکے۔
45 سالہ وراڈکر نے کہا کہ یہ ان کے لیے الگ ہونے کا صحیح وقت ہے۔
انہوں نے تفصیل بتائے بغیر کہا کہ اب استعفیٰ دینے کی میری وجوہات ذاتی اور سیاسی ہیں لیکن بنیادی طور پر سیاسی ہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس اور کچھ نہیں ہے ، میرے ذہن میں بھی کچھ نہیں ہے، میرا کوئی قطعی ذاتی یا سیاسی منصوبہ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ جب پہلی بار وزیر اعظم کے طور پر منتخب ہوئے تو وراڈکر عہدہ سنبھالنے والے سب سے کم عمر شخص تھے جبکہ ان کی ماں آئرش اور والد ہندوستانی ہیں۔





















