وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب بنک کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔20 ہزار بائیک پراجیکٹ کے ایم او یو پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی اور صدر پنجاب بنک ظفر مسعود نے دستخط کئے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس کی ڈیلیوری شروع کر نے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلباء کیلئے مجوزہ الیکٹرک اور پٹرول بائیکس کا معائنہ کیا اور بائیکس کے نرخ کے بارے میں پوچھا اور کوالٹی چیک کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بائیکس کا رنگ حکومت پنچاب کے سبز لوگو کے رنگ کے مطابق کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بائیک کے لئے طلباء کی رجسٹریشن کا آغاز جلد از جلد کیا جائے گا۔ طلبہ کو 19 ہزار پٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیگی۔ بنک آف پنجاب کے اشتراک سے طلبہ کو آسان اقساط پر بائیک کی فراہمی پر سود حکومت دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول بائیک کی ماہانہ قسط پانچ ہزار اور ای بائیک کی قسط دس ہزار سے کم ہوگی۔ 20 ہزار بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ طلباء کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرے گا۔طلبہ کے لئے بائیکس کی فراہمی چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو کے تحت ایک انقلابی سکیم ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ذاتی سواری طلبہ کے روز مرہ زندگی میں وقت کی بچت کو یقینی بنائے گی۔ وقت کی بچت اور سفر میں آسانی طلبہ کی تعلیمی استعداد کار میں بہتری کا سبب بنے گی۔ بائیکس کی تقسیم میں طلبہ و طالبات کی یکساں نمائندگی خوش آئند ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی مشیرپرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بلال اکبر خان،چیف سیکرٹری،سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ، خزانہ، ایچ ای ڈی،چیئرمین پی آئی ٹی بی،صدر بنک آف پنجاب ظفر مسعود،ایم ڈی پی ایم اے، سیکرٹری پی ٹی اے پنجاب، سیکرٹری آر ٹی اے لاہور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔