حرمین شریفین انتظامی امور کے سربراہ الشیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ اسلامی اخوت و اقدار کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا تدارک ناگزیر ہے، مسائل حل کرنے کے لئے امت کا اتحاد انتہائی اہم ہے۔
مکہ مکرمہ میں وحدت اسلام عالمی کانفرنس سے خطاب میں شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ حقیقی امن اور معاشرتی تحفظ افراد اور ممالک کے مابین تناؤ سے حاصل نہیں ہوتا، معاشرے میں امن و استحکام کا حصول عدل و انصاف کے قیام سے ممکن ہوتا ہے۔ دنیا میں قیام امن کے لیے عدل و انصاف کو رائج کرنا ضروری ہے۔
شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ عدل و انصاف کا تقاضا ہے کہ ہر شخص کو اس کا حق دیا جائے، مشترکہ عظیم مقاصد کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے امت کا اتحاد انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میانہ روی اور اعتدال کو فروغ دینے اور غلط فہمیوں کو ختم کرنے کے لیے میڈیا کا کردارانتہائی اہم ہے۔
حرمین شریفین انتظامی امور کے سربراہ نے کہا کہ رابطہ عالمی اسلامی کے تحت کانفرنس نے فرقہ واریت اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے روڈ میپ کا تعین کیا ہے، کانفرنس کا مقصد مختلف مکاتب فکر کے مابین تصادم کو ہوا دینے کی کوشش کرنے والوں کا سد باب کرنا ہے۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کا مقصد مختلف اسلامی مکاتب فکر اورفرقوں میں باہمی افہام و تفہیم پیدا کرنا ہے، کانفرنس میں اسلامی ممالک کے دیگر آئمہ کرام سمیت اسکالرز شریک ہیں۔