پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کو با اختیار بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سلیکشن کمیٹی کو با اختیار دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ کمیٹی کے معاملات میں دخل نہیں دیں گے جبکہ کپتانی کے حوالے سے بھی اب سلیکشن کمیٹی کو اختیار دیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی سمیت جس شعبے کو بھی بااختیار بنایا جائے گا وہی جوابدہ بھی ہو گا۔
چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے ساتھ دیگر سلیکٹرز کا فیصلہ ایک ہفتے کے اندر ہو گا جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کا بھی جلد از جلد تقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
پی سی بی نے کوچز کے حتمی فیصلے کے لیے ایک ہفتے کا ٹارگٹ رکھا ہے اور بورڈ غیر ملکی کوچز کی تقرری کے لیے پر امید ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی کی پہلی ترجیح غیر ملکی کوچز ہیں۔