حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گینگ کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے جرم میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل کی جانب سے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی ڈیوس روڈ لاہور میں ایک فلیٹ پر کی گئی جس دوران محمد عابد اور وقاص احمد نامی دو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضہ سے 21770 سعودی ریال،15805 اماراتی درہم، 12100 امریکی ڈالر، 100 ڈینش کرونا برآمد کیئے گئے جبکہ پاکستانی کرنسی میں 70 لاکھ سے زائد رقم بھی قبضہ میں لی گئی ہے ۔
چھاپہ مار کارروائی کے دوران کور پوریٹ کرائم سرکل نے موبائل فونز، حوالہ ہنڈی سے متعلق رجسٹرز، رسیدیں اور دیگر شواہد بھی برآمد کر لیے ہیں، ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکے جس پر ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا گیاہے ۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔