وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے قومی ایئر لائن ( پی آئی اے)کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کسی بھی خریدار کیلئے سرمایہ کاری کا ایک زبردست موقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کا مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ارنسٹ اینڈ ینگ کی قیادت میں قائم کنسورشیم کے مالی مشیر نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر کو پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اب تک کی پیشرفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ قومی ایئر لائن کی نجکاری کی ٹائم لائنز کے علاوہ کابینہ کی منظوری کے مطابق ری اسٹرکچرنگ اور سیگریگیشن پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔
نجکاری کمیشن کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کسی بھی ممکنہ خریدار کے لیے سرمایہ کاری کا زبردست موقع ہے۔ قومی ائیرلائن کی میراث، نیک نیتی اور صلاحیت کے پیش نظر سرمایہ کاری مفید ثابت ہوگی۔وزیر نجکاری نے اب تک ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔