قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا رکن منتخب ہونے کے بعد چھوڑی گئی سینیٹ کی 6 نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب ہوا جس میں سے 4 پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست جیت لی۔
سینیٹ کے لیے اسلام آباد کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی جب کہ سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ سے سینیٹ کی نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب پر پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہا۔
اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔ سینیٹ کی ایک نشست کے لیے قومی اسمبلی کے 301 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، قومی اسمبلی کے 9 ارکان کے ووٹ مسترد قرار دیےگئے۔
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو 57 اور سیف اللہ دھاریجو 58 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے۔ سندھ اسمبلی میں مجموعی طور پر 124ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
دوسری جانب بلوچستان اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لےکر سینیٹر منتخب ہوئے، مسلم لیگ ن کے میر دوستین ڈومکی نے17 ووٹ حاصل کیے، جے یو آئی کے عبدالشکور 16 ووٹ لےکر سینیٹر منتخب ہوئے۔
واضح رہے کہ آج منتخب ہونے والے تمام 6 سینیٹرز 3 سال کی مدت کیلئے ہوگئے۔ 2021 میں منتخب سینیٹرز کے مستعفیٰ ہونے پر نشستیں خالی ہوئی تھیں۔ مستعفی ہونے والوں میں یوسف رضا گیلانی، عبدالغفور حیدری، نثار کھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمدعمر اور سرفرازبگٹی شامل ہیں۔