پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بعد سندھ کابینہ کے 9 ارکان اور 3 مشیروں نے حلف اٹھالیا۔ جبکہ وزراء اور مشیران کو ان کے قلمدان بھی تفویض کردیئے گئے۔
گورنر ہائوس سندھ میں صوبائی کابینہ ارکان کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا، جہاں سندھ کی 9رکنی کابینہ نےعہدوں کا حلف اٹھالیاگورنرسندھ کامران ٹیسوری نےنئےصوبائی وزراءسےحلف لےلیا ۔وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔
صوبائی وزریر کا حلف اٹھانے والوں میں شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجھار، علی حسن زرداری، ڈاکٹر عذراء پیچوہو، سید سردار علی شاہ، جام خان شورو، سردار محمد بخش مہر جبکہ 3مشیران میں بابل بھیو،احسان مزاری اورنجمی عالم شامل ہیں۔
رکن سندھ اسمبلی ذوالفقارشاہ حلف برداری تقریب میں شرکت نہ کرسکے، وہ اسلام آبادسےکراچی پہنچ نہ پائے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبائی کابینہ کی تشکیل کے بعد وزراء اور مشیران کو اُن کے قلمدان بھی تفویض کردیئے گئے ہیں، جس کے بعد شرجیل انعام میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اور محکمہ ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کا قلمدان دیا گیا۔
ڈاکٹر عذراپیچوہو کو محکمہ صحت اور بہبود آبادی،سید ناصر حسین شاہ کو محکمہ توانائی ، منصوبہ بندی اور ترقیات ،سردار علی شاہ کومحکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ،محکمہ کالج ایجوکیشن اورمحکمہ مائنز اینڈ منرلز ڈیویلپمنٹ ،سعید غنی کو محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ ہائوسنگ ٹائون پلاننگ ڈپارٹمنٹ اور پبلک ہیلتھ ایجینئرنگ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق جام خان شورو کو محکمہ آبپاشی اور محکمہ خوراک ،ضیاء الحسن کو محکمہ داخلہ اور لاء، پالیمنٹری افیئرز اینڈ کرمنل پروسیکیوشن ،سردار محمد بخش خان مہر کو ایگریکلچر، سپلائی اینڈ پرائز ، اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز اور انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ، علی حسن زرداری کو جیل خانہ جات کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔
ذوالفقار علی شاہ کومحکمہ کلچر، ٹورازم، اینٹیکیوٹیز اینڈ آرکائیوز،اللہ بخش ڈنو خان بھیو کو محکمہ فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف ،احسان الرحمان مزاری کو محکمہ انٹر پروونشل کوآرڈی نیشن ،سید نجمی عالم کو ہیومن سیٹلمنٹ، اسپیٹیل ڈیویلپمنٹ اینڈ سوشل ہائوسنگ اورمحکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کا مشیر تقرر کیاگیا۔