نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت کے حالیہ انتظامی اقدامات نے پاکستانی روپے کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں مضبوط کیا، افراط زر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے ،اور آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام بخوبی چل رہا ہے۔
لندن میں کیپٹل و فنانشل مارکیٹ کے سینئر رہنمائوں نےنگران وزیر اعظم انوارالحق سے ملاقات کی، وزیراعظم نے وفد کو حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی معاشی اصلاحات پر آگاہی دی، اور بیرونی کھاتوں کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دوست ممالک کی جانب سے رقوم کی فراہمی سمیت مثبت اشاریوں نے مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم اور صنعتی ترقی کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے، نگران حکومت کے حالیہ انتظامی اقدامات نے پاکستانی روپے کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں مضبوط کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ درآمدات پر پابندیوں کے خاتمے، زرعی مدد اور درمیانی مدت کے افراط زر کے اہداف کیلئے مالیاتی اقدامات کے بعد تجارت میں بہتری آئی ہے، زراعت اور صنعت میں بہتری آئی ہے، مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔
وزیراعظم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے حوالے سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کی سرمایہ کاری کی حامل کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس کونسل سے سرمایہ کاری کے عمل کیلئے راہیں ہموار ہو رہی ہیں، اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور کاروباری منظرنامہ کو آسان بنا کر طویل مدتی ترقی کو فروغ دینے پر کاربند ہیں۔
اس موقع پر برطانوی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی مالیاتی اور کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے امید افزاء مواقع تلاش کرنے میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔