لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
چیف جسٹس لاہور ملک شہزاد احمد خان کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان ، لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شاہد بلال اور جسٹس فاروق حیدر نے شرکت کی۔
جسٹس شہباز رضوی، جسٹس علی باقر نجفی، ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر اور سینئیر وکلاء بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے۔
بعدازاں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ گورنر ہاؤس سے عدالت عالیہ پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
یاد رہے کہ جمعرات کے روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک شہزاد احمد خان کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔