امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پرامن، تعمیری تعلقات دیکھنا چاہتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے گزشتہ روز واشنگٹن ڈی سی میں پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہاہے کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ دیکھتا ہے اور ان دونوں ممالک کے درمیان پرامن، تعمیری تعلقات دیکھنا چاہتا ہے۔
میتھیو ملر نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شہباز شریف کو مبارکباد دینے کا خیرمقدم بھی کیا۔ کشمیر سمیت تمام مسائل پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مستقبل میں ہونے والے مذاکرات کا خیر مقدم کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ یقینا ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان نتیجہ خیز اور پرامن مذاکرات کا خیرمقدم کریں گے لیکن کسی بھی بات چیت کی رفتار کا تعین پاکستان اور بھارت نے خود کرنا ہے۔