عدالتی حکم عدولی پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کے درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
عدالت کی بار بار ہدایت پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری نہیں لگوائی گئی۔ عدالت نے حکم عدولی پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی بار بار ہدایت پر بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری نہیں لگوائی گئی، آئندہ سماعت پرسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل جواب جمع کروائیں کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ویڈیو لنک پر حاضری کا حکم دیا تھا، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔