سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے صدارتی انتخابات کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس نومارچ کو صبح دس بجے طلب کرلیا۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اجلاس میں صدر مملکت کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوگی۔پنجاب اسمبلی کے ارکان نئے صدر کے انتخاب کیلئےاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 9 مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال پیر کو ہوئی۔
شیڈول کے مطابق امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 6 مارچ کو واپس لئے جاسکیں گے۔ پولنگ 9 مارچ کو پارلیمنٹ ہائوس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے 4 بجے تک ہوگی۔