اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے معروف شکاری سید مرتضیٰ زیدی نے خنجراب ویلج آرگنائزیشن میں انتہائی نایاب اور ریکارڈ حجم کے ’ہمالین آئی بیکس‘ کا شکار کرتے ہوئے مقابلہ جیت لیاہے ۔
گلگت بلتستان کے محکمہ وائلڈ لائف کے زیر انتظام ٹرافی ہ’نٹنگ پروگرام جی بی 2023-24 ‘کے تحت جنگلی حیات کے اخلاقی اور پائیدار شکار کو یقینی بنانے کے لیے سخت قوانین لاگو کیئے گئے ہیں جن کی پاسداری کرتے ہوئے سید مرتضیٰ زیدی نے ریکارڈ سائز کے ’ آئی بیکس ‘ کا شکار کیا اور مقابلہ اپنے نام کیا ، جس کے بعد سید مرتضیٰ زیدی نے اس کے ساتھ تصویر بنوائی اور سوشل میڈیا پر جاری کی ، ان کی کامیابی پر انہیں بے حد سراہا جارہاہے ۔
ہمالین آئی بیکس ، پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں پائی جانے والی ایک نایاب نسل ہے جس کو غیر قانونی شکار کی وجہ سے خطرات لاحق ہیں ۔ ہمالین آئی بیکس کے شکار کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے قوانین بنائے گئے ہیں اور ان قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے کیے جانے والے شکار کی آمدن سے جنگلی تحفظ کی کوششوں میں اہم سپورٹ ملتی ہے جبکہ اس سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد مقامیوں کی بہبود کیلئے خرچ کیا جا تاہے ۔
ہمالین آئی بیکس کے شکار کیلئے حاصل کیئے جانے والے لائسنس کی فیس مختلف ہوتی ہے جس میں علاقہ اور دیگر عوام کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جا تا ہے ، آئی بیکس کے شکار میں دلچسپی رکھنےوالے مقامی شہریوں کو بھی اس کیلئے مروجہ قوانین کے تحت لائسنس حاصل کرنا ہوتاہے اور حکومت کی جانب وضح کر دہ حدود میں رہتے ہوئے ہی شکار کرنا ہو تاہے ۔