مسلم لیگ ن کو وزارت عظمیٰ کا الیکشن جیتنے کے لئے اہم کامیابی مل گئی، اور ایم کیو ایم پاکستان نے وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے شہباز شریف کی دوٹوک حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان( ایم کیو ایم ) کے وفود کی اہم ملاقات ہوئی۔جس میں وزیر اعظم کے انتخاب میں شہبازشریف کو ووٹ دینے کے معاملاطے پاگئے۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ایم کیوایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الیکشن سے پہلے بھی ن لیگ کے ساتھ تھے آئندہ بھی رہیں گے، شہباز شریف کو وزیراعظم کا الیکشن مل کر جتوائیں گے ۔ہمارے درمیان کوئی مسائل نہیں ہیں ہم بالکل خوش ہیں اور خوشی کے ساتھ ان کو ووٹ دیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم اپنا آفس سنبھال لیں گے ، جس کے بعد ان کی صوابدید پر ہے کہ یہ آگے کیسے اورکیا کرنا چاہتے ہیں کس طرح چلنا چاہتے ہیں، شہباز شریف نہ صرف جیتیں بلکہ کامیاب بھی ہوں وہ کامیاب ہوں گے تو پاکستان کے لوگ خوشحال ہوں گے ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے شہبازشریف کی حمایت کرنے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہوئےکہاکہ شہباز شریف نے خود آنا تھا مگر ان کی طبیعت ناساز تھی ورنہ ان کا پروگرام تھا کہ میں خود ایم کیو ایم والوں کے پاس جاؤں اور درخواست کروں کہ صبح میرے الیکشن میں میرا ساتھ دیں تو ہم ان کے پاس آئے ہیں اور درخواست کی ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کی بڑی مہربانی کی ہے کہ انہوں وزیر اعظم کے الیکشن میں شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کیا ہے، ہم آپ کے ساتھ چلیں گے۔متحدہ کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کیلئے قانون سازی کا معاہدہ ہو گیا ہے۔
سندھ کی گورنرشپ اور صدارتی الیکشن میں آصف زرداری کی حمایت کے متعلق سوال پر ایم کیوایم رہنمانےکہا کہ ہم نے بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا ، کسی کو ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہو گی تو اس پر بالکل بات کریں گے۔