ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب میں مزید 300 گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن کا انکشاف ہوا ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب میں مزید 300 گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن کا انکشاف ہوا ہے۔ حکام نے مرکزی ملزم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔
اسکینڈل کی تحقیقات کےلیے ایکسائز، ایف ائی اے، پولیس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسران کی جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی جبکہ ملزم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی سفارش بھی کردی گئی، حکام کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے ملزم رانا حارث کارروائی سے بچنے کیلئے بیرون ملک فرار ہو جائے گا۔
ایکسائز حکام کے مطابق جے آئی ٹی کے اجلاس میں ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی جائے گی، اس سے قبل بھی صوبے میں ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن کا انکشاف ہوا تھا۔