الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق بلوچستان سے خالی ہونے والی سینیٹ کی تین نشستوں کے انتخابات کیلئے پولنگ 14 مارچ 2024 کو ہوگی۔ مذکورہ نشستیں سرفراز احمد بگٹی ،پرنس احمد عمر احمدزئی اور مولانا عبدالغفور حیدری کے مستعفی ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں۔
سینیٹ کے انتخابات کے لئے صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد فرید آفریدی کو ریٹرنگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ریٹرنگ آفیسر کی جانب سے یکم مارچ کو پبلک نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جبکہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 2 اور 3 مارچ (صبح 08:30 سے شام 04:30 بجے تک) کو جمع کروائے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق نامزد امیدواروں کے ناموں کی فہرست کی اشاعت 3 مارچ کو ہو گی۔ ریٹرنگ آفیسر کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 5 مارچ ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 7 مارچ 2024 ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ٹربیونل کی طرف سے اپیلیں نمٹانے کی آخری تاریخ 9 مارچ ہے اور اسی روز امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری ہو گی۔ اسی طرح کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 10 مارچ مقرر کی گئی ہے۔
جاری شیڈول کے مطابق ان تینوں نشستوں کے انتخاب کے لئے پولنگ 14 مارچ 2024 کو صبح 9 سے شام چار بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ سینیٹ کے ان انتخابات کیلئے پولنگ بلوچستان اسمبلی کوئٹہ میں ہوگی۔