پی ایس ایل کے 13 ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8رنز سے شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کی جانب سے دیئے گئے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ 193رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جس میں اعظم خان 75 رنز کے ساتھ سرفہرست رہےاور منر 71 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے ، ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔
پشاور زلمی کی جانب سے عارف یعقوب نے سب سے زیادہ 5 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ صائم ایوب، لیوک ووڈ ، نوین الحق اور سلمان ارشاد ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے ۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیااور پشاور کو بیٹنگ کی دعوت دی ، زلمی کپتان بابراعظم کی 111 رنز کی ناقابل شکست اننگ کی بدولت ٹیم 202 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب اور بابراعظم نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپنر صائم ایوب 38 رنز بنا کر آغا سلمان کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ محمد حارث 2اور حسیب اللہ بغیر کوئی سکور بنائے پولین لوٹ گئے۔ پاول والٹر 19 رنز بنا کر شاداب کے ہاتھوں رن آوٹ ہو گئے جبکہ رومان 8 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
شاداب نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ ہم نے کنڈیشن کو جتنا سمجھا ہے اس کے مطابق ہی کھیلیں گے ، ہم نے گزشتہ میچ میں شکست کھائی لیکن ابھی اور بھی مواقعے ہیں، لاہور کے شائقین کرکٹ بہت ہی شاندار ہیں، وہ کھلاڑیوں سے محبت کرتے ہیں اور یہ پی ایس ایل تمام پاکستانیوں کیلئے ہے ، ہمیں امید ہے کہ وہ سپورٹ کریں گے ۔