استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کی قیادت میں ملک کو بدلیں گے۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان آئی پی پی کا کہنا تھا کہ دکھ ہوتا ہے جسکو مسیحا مانا اس نے افواج پاکستان کو ٹارگٹ کرنا شروع کردیا، آج ان کا لیڈر کہتا ہے کہ جیلوں میں قید کارکنان سے میرا کوئی لینا دینا نہیں، کارکنان پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں،ملک کو ان کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم نے 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے کو مفت بجلی دینے کا اعلان کیا ہے، موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے والے کو ایک قیمت پہ پٹرول دیں ایسا نہیں ہوگا،غریب کیلئے الگ پالیسی ہوگی اور اشرافیہ کیلئے الگ پالیسی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ریاست کے ساتھ کھڑی ہے، اس معاشرے میں عدم توازن کو ختم کرنا ہے اور پاکستان کو بدلنا ہے، اس ملک میں خوشحالی تب آئے گی جب گاؤں خوشحال ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست اور ریاست جب تک اکٹھی نہیں چلتی ملک نہیں چل سکتا۔