مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما کیپٹن (ر)صفدر نے کہا ہے کہ ہمیں بزدار جیسے نہیں نوازشریف جیسا لیڈرچاہئے، نوازشریف ڈرنےوالے دن پیدا نہیں ہوا،21 اکتوبر کو شیر اپنا زور دکھائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر)صفدر کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کہ پنجاب پولیس خیبر پختونخوا کے لوگوں کو تنگ کرتی ہے، کے پی کے لوگوں نے قائد اعظم کے ساتھ مل کر پاکستان بنایا، ہمارے بچے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں، پنجاب پولیس کو بتانا چاہتا ہوں کہ چند ٹکوں کے لئے ہم پر چھاپے نہ مارو۔
کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ کےپی کے لوگ نوازشریف کے جلسے میں ننگے پاؤں دوڑ کر آتے ہیں، سابق وزیر اعظم کو فخر ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی غیرت مند لوگوں میں کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب پاکستان آپ کو بلا رہا ہے، ہم اندھیرے میں بیٹھے ہیں ہمارےچراغ بجھ گئے ہیں، ہماری داستان ختم ہو رہی ہیں آکر ہمیں بچالو۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ڈالر 105 اور پٹرول 70 پر رکھا تھا ، وہ پاکستان کی بات کرتے تھے تو ان کو جلا وطن کر دیا گیا، انہوں نے اپنے والد سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انکا سر جھکنے نہیں دیں گے، اگر مجھ پر اور نواز شریف پر ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہو تو ہمارا جنازہ پڑھنے مت آنا۔
انکا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک ایسے لیڈر ہیں جن کے ہاتھوں سے لوگ وزیر اعظم بنے، ان کے لگائے آرمی چیف نے انہیں گھر بھیجا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیر لوگ ٹیکس نہیں دیتے تو وہ پاکستان کو خون کیسے دیں گے۔