مسلم لیگ نواز کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ مریم نواز پنجاب کے لئے بہترین وزیر اعلیٰ ثابت ہوں گی۔
مسلم لیگ ن کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی عطاء تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی عوام نے ہمیں 2008 سے اب تک بڑا مینڈیٹ دیا ہے ، مریم نواز ایک سیاسی ورکر ہیں اور انہوں نے سیاست میں اپنا لوہا منوایا ہے ، وہ بدترین دور میں پابند سلاسل بھی رہیں ہیں ، پنجاب کے لیے بہترین وزیر اعلیٰ ثابت ہوں گی۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز اس صوبے کے عوام کو غربت سے نکالنے کے لیے کام کریں گی ، اتوار کی شام پانچ بجے تک وزیر اعلیٰ نامزد کرنے کا وقت ہے ، پیر کو وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہو جائے گا تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ میاں اسلم اقبال کو قانون کے سامنے پیش ہونا چاہیے اور اپنی ضمانت کروائیں، ایسا نہیں ہو سکتا ایک شخص نکلے اور قتل اور اغوا کر لے اور پھر کہے ایوان میں آنے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ اپنے خلاف مقدمات کلئیر کروائیں اور سو دفعہ ایوان میں آئیں۔