مسلم لیگ نواز کو قومی اور پنجاب اسمبلی کی ایک، ایک مزید نشست مل گئی۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 12 کوہستان سے آزاد رکن محمد ادریس ن لیگ میں شامل ہوگئے جبکہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 242 بہاولنگر سے منتخب رکن کاشف نوید پنسوتہ نے بھی مسلم لیگ ن جوائن کر لی ہے۔
مسلم لیگ ( ن ) کے صدر شہباز شریف سے محمدادریس اور کاشف نوید پنسوتہ نے الگ الگ ملاقات کی جبکہ ملاقات میں انجینئر امیر مقام ، سعد رفیق ، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ، عطاءاللہ تارڑ اور ملک احمد خان بھی موجود تھے۔
پارٹی جوائن کرنے والے دونوں ممبران کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملکی مسائل کا حل ہے، عوام اور سپورٹرز کی حمایت سے مسلم لیگ ن میں شمولیت کافیصلہ کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کا جذبہ لائق تعریف ہے ، عوام اور آپ کی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے،عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے مسائل کے حل کی اجتماعی سوچ درکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقابلہ الیکشن میں تھا ، اب متحد ہو کر پاکستان کو درپیش مسائل کا مقابلہ کرنا ہوگا، انتخابی میدان میں مقابلے کے جذبے کو اب پارلیمان میں تعاون کے جذبے میں بدلنا ہے۔