سپر ہٹ بالی ووڈ فلم ’دنگل‘ سے شہرت حاصل کرنے کے بعد اسلام کی خاطر بالی ووڈ چھوڑنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم نے آنجہانی سہانی بھٹناگر کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زائرہ وسیم نے انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرکے ساتھی اداکارہ کی موت پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔
زائرہ وسیم نے اپنی سٹوری میں لکھا کہ میں سہانی بھٹناگر کی اچانک موت کی خبر سن کر شدید صدمے میں ہوں، اس ناقابل یقین حد تک مشکل وقت میں میری دعائیں ان کے والدین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سوچ کر میرا دل دکھ اور تکلیف سے بھر رہا ہے کہ سہانی بھٹناگر کے والدین اس مشکل وقت میں خود کو کیسے سنبھال رہے ہوں گے، وہ اپنی بیٹی کی موت کو کیسے برداشت کریں گے۔
واضح رہے کہ سہانی بھٹناگر نے بالی ووڈ سٹار عامر خان کی سپر ہٹ فلم ’دنگل‘ میں اُن کی بیٹی ببیتا کماری کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا، دنگل کے بعد سہانی بھٹناگر نے اداکاری سے وقفہ لے لیا تھا کیونکہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہتی تھیں۔
تاہم آنجہانی اداکارہ کے اہل خانہ کے مطابق 2 ماہ قبل اداکارہ ڈرماٹومیوسائٹس نامی نایاب بیماری میں مبتلا ہوئی تھیں جو جلد پر خارش اور پٹھوں کی کمزوری کا باعث بنتی ہے جس کی تشخیص اداکارہ کی موت سے صرف 10 دن پہلے ہی ہوئی تھی۔