آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات پر مسلم لیگ ن کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی فراہم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کے حکم پر مریم نواز کیساتھ پولیس کے 4 سکواڈ،ایک جیمر اور ٹریفک پولیس کا پائلٹ لگا دیا گیا۔ مریم نوازکودو بلٹ پروف گاڑیاں بھی فراہم کردی گئیں۔
ذرائع کے مطابق مریم نوازکو وزیراعلیٰ کی سیکورٹی آئی جی پنجاب کے احکامات پر فراہم کی گئی، جاتی امرا پر بھی سیکورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے مریم نواز سے بطور وزیر اعلیٰ نامزد ہونے کے بعد ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے شہباز شریف اور مریم نواز کو پنجاب کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔