بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ کویتا چوہدری ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کر گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دوردرشن کے شو اڑان میں اپنے کردار کے لیے جانی جانے والی تجربہ کار اداکارہ کویتا چودھری کا ہارٹ اٹیک کے باعث جمعرات کو انتقال ہو گیا، وہ برسوں سے کینسر سے بھی لڑ رہی تھیں۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کویتا چوہدری کی موت کی تصدیق ان کے بھتیجے نے کی اور بتایا کہ 67 سالہ اداکارہ کا جمعرات کی رات امرتسر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوا اور اطلاعات کے مطابق جمعہ کو آخری رسومات ادا کی گئیں۔
کویتا کے بھتیجے اجے سیال نے بتایا کہ اداکارہ کا انتقال رات 8.30 بجے ہوا، انہوں نے امرتسر کے پاروتی دیوی ہسپتال میں آخری سانس لی جہاں ان کا علاج کیا جارہا تھا۔
یاد رہے کہ کویتا نے بھارتی ٹی وی کے معروف ڈراموں ’اڑان‘ اور ’آئی پی ایس ڈائریز‘ سے شہرت حاصل کی تھی۔