ملک میں رواں ماہ کے دوران مسلسل مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان جاری ہے اور گزشتہ ہفتے کے دوران بھی مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی دیکھی گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے ملک میں ہفتہ وارمہنگائی کی شرح میں0.78 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی کم ہوکر34.25 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق شرح میں کمی کے باوجود ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 11کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اور 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
حالیہ ایک ہفتے کے دوران آلو، گوشت اور دالوں سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں جن میں آلو کی قیمتوں میں 2.80 فیصد، ماچس کی ڈبیہ کی قیمتوں میں1.31فیصد، انرجی سیور 0.62فیصد، دال ماش 0.35فیصد، دال مونگ 0.56فیصد اور مٹن کی قیمتوں میں0.48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اس کے برعکس انڈے کی قیمتوں میں28.82فیصد، ٹماٹر 0.29فیصد، پیاز 3.48فیصد، چکن کی قیمتوں میں4.23فیصد، آٹا0.32فیصد، ایل پی جی 2.85فیصد، دال مسور0.28 فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں0.18 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔