مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی کی ایک اورپنجاب اسمبلی کی مزید چارنشستیں مل گئیں۔
تفصیلات کے مطابق این اے بانوے بھکر سے آزاد حیثیت میں جیتنے والے رشید اکبرنوانی بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔ان کے علاوہ پنجاب سے تین صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر جیتنے والے امیدواروں ںے بھی ن لیگ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جن میں پی پی 90 بھکر سے احمد نواز نوانی پی پی 92 اور93 بھکرسے کامیاب عامرعنایت شاہانی ، پی پی 272 مظفرگڑھ سے رانا عبدالمنان شامل ہیں ۔
پنجاب کی نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز نے آزاد اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے جذبے اورقومی سوچ کی قدر کرتے ہیں،آپ نے تعمیر پاکستان کے قافلے میں شمولیت اختیار کی،آپ کی حمایت پاکستان اورعوام کو مشکلات سے نکالنے میں مددگار ہوگی، ہمارے لئے اقتدار نہیں، ملک اور عوام کی خدمت اہم ہے، نواز شریف پاکستان کو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے والی قوت کا نام ہے، نواز شریف آج بھی پاکستان جبکہ مخالفین اپنی ذات کی بات کر رہے ہیں، پاکستان کو انتشار نہیں، استحکام چاہیے۔
مریم نواز کا کہناتھا کہ انتشار پھیلانے والے آج بھی انتشار ہی پھیلا رہے ہیں کیونکہ ان کا ایجنڈا ہی انتشار ہے، انتشار کا نشانہ پاکستان ہے، ادارے ہیں، پنجاب کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، ان کی خدمت کا حق ادا کریں گے، ان شاءاللہ، پنجاب کو ترقی کی مثال بنائیں گے،
پاکستان کو بچانے کے لئے ایک لاکھ بار بھی سیاسی مفاد قربان کرنا پڑا تو کریں گے، وطن پر جان بھی قربان ہے۔