سپریم کورٹ نے ریٹائرڈ ججز کے خلاف کارروائی سے متعلق عافیہ شیربانو کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔
وفاقی حکومت اور عافیہ شیربانو نے 8 مارچ 2019 کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی جسے سپریم کورٹ کی جانب سے سماعت کے لئے مقرر کر دیا گیا ہے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ 19 فروری کو کیس کی سماعت کرے گا۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیئے ہیں۔
عافیہ شیر بانو کیس میں سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ ریٹائرڈ اور مستعفی ججز کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی نہیں کر سکتی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے سابق جسٹس مظاہر نقوی کے استعفے کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے اپیل دائر کی گئی تھی۔