لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امراء رائیونڈ میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ون آن ون ملاقات کی جس دوران شہباز شریف نے وفاق میں پیپلزپارٹی سمیت اتحادیوں سے ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔
قائد نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماوں کا اجلاس بھی ہوا ۔شہباز شریف نے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کووفاق میں ممکنہ اتحادیوں سے اب تک ہونے والے مذاکرات سمیت مولانا فضل الرحمن کی تازہ سیاسی پوزیشن پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماوں کے اجلاس میں پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ممکنہ ناموں پر بھی مزید مشاورت کی گئی جبکہ پنجاب اسمبلی کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے ممکنہ نام بھی زیربحث آئے۔ پنجاب میں اتحادیوں کو صوبائی کابینہ میں شامل کرنے اور ان کی ممکنہ وزارتوں سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔ ۔ اجلاس میں اسحاق ڈار نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی کوارڈینیشن کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت سازی کے حوالے سے معاملات آگے بڑھے ہیں جبکہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی مشاورت کی تیسری نشست جمعہ کے روزہو گی۔